دسمبر 2025 پاکستان کے گرم ترین دسمبروں میں شامل، محکمہ موسمیات کی رپورٹ جاری

محکمہ موسمیات نے دسمبر 2025 کی ماہانہ موسمیاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں اس ماہ دن اور رات کے درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 گزشتہ 65 برسوں کے دوران پاکستان کا ساتواں گرم ترین دسمبر ثابت ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں دسمبر کے دوران غیر معمولی حد تک گرم موسم غالب رہا، جبکہ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارشیں معمول سے کم ہوئیں۔ رپورٹ میں درجہ حرارت میں اضافے کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ دنوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، جبکہ مری اور گلیات میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند متوقع ہے۔

سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور شہید بے نظیر آباد میں دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں موسم سرد جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں