سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا کے 30ویں وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سہیل آفریدی نے بدھ کے روز خیبر پختونخوا کے 30ویں وزیرِ اعلیٰ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں ان سے حلف لیا۔

تقریبِ حلف برداری میں صوبے کی سیاسی، سماجی اور انتظامی شخصیات کے ساتھ ساتھ تحریکِ انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت نے بھی شرکت کی۔ گورنر نے عدالتی احکامات کی روشنی میں سہیل آفریدی سے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو سابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ بعدازاں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے تصدیق کی تھی کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے سہیل آفریدی کو نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کرنے کی منظوری دی ہے۔

علی امین گنڈاپور کے استعفے کے معاملے نے اُس وقت نیا رخ اختیار کیا جب گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخطوں میں فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے دونوں استعفے اعتراض کے ساتھ واپس کر دیے اور علی امین کو 15 اکتوبر کو وضاحت کے لیے گورنر ہاؤس طلب کر لیا۔

12 اکتوبر کو گورنر فیصل کریم کنڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری بیان میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ اعتراض کے ساتھ واپس کر دیا گیا ہے۔ ان کے جاری کردہ خط میں بتایا گیا کہ گورنر ہاؤس کو 8 اور 11 اکتوبر کو دو استعفے موصول ہوئے تھے، تاہم دونوں پر دستخط یکساں نہیں تھے۔

ادھر علی امین گنڈاپور نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں استعفوں پر اُن کے اصلی دستخط موجود ہیں۔

اس صورتِ حال کے باوجود 13 اکتوبر کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے دوران سہیل آفریدی 90 ووٹ حاصل کر کے خیبر پختونخوا کے 30ویں وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔ تاہم، گورنر خیبر پختونخوا نے انتخاب کو آئینی طور پر متنازع قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک علی امین گنڈاپور کے استعفے کی باضابطہ منظوری نہیں ہو جاتی، نیا وزیرِ اعلیٰ منتخب کرنا آئینی لحاظ سے درست نہیں ہوگا۔
جس پر پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا کو 15 اکتوبر کو شام 4 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دیا تھا، عدالت نے قرار دیا تھا کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو پھر اسپیکر کو ہدایت ہے کہ حلف لیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے گورنر خیبرپختونخوا کو عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد گزشتہ روز گورنر فیصل کریم کنڈی کراچی سے پشاور پہنچے تھے اور آج عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں