محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کی نگرانی کو جدید بنانے کے لیے اسکول لیڈر ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ آغاز 16 مارچ سے کیا جائے گا۔
نئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کے تحت اسکول لیڈرز کی حاضری، کارکردگی اور اسکولوں کے دوروں کی نگرانی اب آن لائن ایپ کے ذریعے کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور نگرانی کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق اس ایپ کو ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے پائلٹ بنیادوں پر چلایا جائے گا۔ اس دوران تمام اسکول لیڈرز کو اپنی روزانہ کی سرگرمیوں اور دوروں کی تفصیلات ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔
ایپ میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور پیرنٹ ٹیچر کونسل (PTC) کے اجلاسوں کا ریکارڈ محفوظ کرنے کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔ پہلی بار لاگ ان کے لیے اسکول لیڈرز اپنی آئی ڈی اور شناختی کارڈ نمبر کو پاس ورڈ کے طور پر استعمال کریں گے۔
مانیٹرنگ کو شفاف بنانے کے لیے رپورٹس کے ساتھ ٹائم اسٹیمپ اور جی پی ایس ٹیگ شدہ تصاویر اپ لوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ مقام اور وقت کی درست تصدیق ممکن ہو سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ جو اسکول لیڈرز اپنے فرائض میں کوتاہی کریں گے یا ایپ کے ذریعے رپورٹنگ نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔











