ایبٹ آباد: ہائیکورٹ بار ایبٹ آباد نے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پر مشتمل کمیشن کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔
ایک بیان میں ہائی کورٹ بار ایبٹ آباد نے کہا کہ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پر مشتمل کمیشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، توقع ہے کمیشن اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کا جائزہ لے کر تحقیق کرے گا۔
ہائی کورٹ بار ایبٹ آباد کا کہنا ہے کہ اُمید ہے کمیشن ایسی تجاویز دے گا کہ آئندہ کوئی بھی عدالتی امور میں مداخلت نہ کر سکے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور چیف جسٹس پاکستان سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ بار ایبٹ آباد قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، ماورائے آئین ہر اقدام کی مذمت کرتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب بار کونسل نے بھی سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی بطور سربراہ تحقیقاتی کمیشن نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا تھا۔
وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کامران بشیر مغل کا کہنا تھا کہ تصدق حسین جیلانی ایک غیر متنازعہ اور دیانتدار جج کے طور پر جانے جاتے ہیں، امید ہے تصدق حسین جیلانی معاملے کی انکوائری غیر جانبداری سے مکمل کریں گے۔