آزادی مارچ کیس : وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کیلئے علی امین گنڈاپور کا عدالت سے رجوع

اسلام آباد: پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے وارنٹ منسوخی کی درخواست راجہ ظہورِ الحسن ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی۔

دائر درخواست میں درخواست گزارنے مؤقف اختیار کیا کہ کبھی جان بوجھ کر اس عدالت میں پیش نہ ہونے سے گریز نہیں کیا، درخواست گزار انتخابی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، عدالتی احکامات کی حکم عدولی پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔

درخواست میں استدعاکی گئی کہ علی امین گنڈا پور کے 19 مارچ کو جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور شاہ محمود قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں