لاہور:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔ ٹونی ڈی زورزی 81 اور سینوران متھوسامی 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل میزبان ٹیم پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 45 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈن مارکرم 20 رنز بناکر نعمان علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ویان ملڈر بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 17 رنز بناکر 80 کے مجموعی اسکور پر نعمان علی کا دوسرا شکار بنے۔
174 رنز پر ریان ریکلٹن 71 کے انفرادی اسکور پر آغا سلمان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جب کہ ٹرسٹن اسٹبس صرف 8 رنز بناکر نعمان علی کا نشانہ بنے۔ ڈیوالڈ بریوس بغیر کوئی رن بنائے ساجد خان کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، اور 200 رنز پر کائل ویرین 2 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان نے دن کا آغاز 313 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر کیا۔ محمد رضوان 62 اور آغا سلمان 52 رنز کے ساتھ کریز پر تھے۔ تاہم جنوبی افریقی اسپنر سینوران متھوسامی کی تباہ کن بولنگ نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے نہ دیا اور پوری ٹیم 378 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
متھوسامی نے دوسرے دن 4 وکٹیں حاصل کیں، یوں میچ میں مجموعی طور پر انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے 102ویں اوور میں انہوں نے یکے بعد دیگرے تین پاکستانی بلے بازوں کو پویلین بھیجا — محمد رضوان 75 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، نعمان علی اور ساجد خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی 7 رنز پر متھوسامی کا شکار بنے، جب کہ سلمان آغا 93 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سبرائن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے متھوسامی نے 6، پرینیلن سبرائن نے 2، جبکہ کاگیسو ربادا اور سیمون ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز:
پہلے دن پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ابتدائی شراکت میں عبداللہ شفیق صرف دو رنز بناکر ربادا کا شکار بنے۔ تاہم شان مسعود اور امام الحق نے 161 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ کے ذریعے ٹیم کو سہارا دیا۔ شان مسعود 76 اور امام الحق 93 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ بابر اعظم 23 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، حسن علی، شاہین آفریدی، نعمان علی، ساجد خان۔