لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں 93 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
چوتھے روز جب جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹونی ڈی زورزی 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ مجموعی اسکور 55 پر پہنچا تو ٹرسٹان اسٹبس نعمان علی کی اسپن کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد رائن ریکلٹن اور ڈیوالڈ بریوس نے 73 رنز کی شراکت قائم کر کے مقابلہ کچھ دیر تک متوازن رکھا۔ تاہم، بریوس 54 رنز پر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اور چھ رنز کے اضافے کے بعد ریکلٹن بھی 45 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
لنچ کے بعد جنوبی افریقی بیٹنگ لائن مکمل طور پر لڑکھڑا گئی، اور پوری ٹیم 183 رنز پر آؤٹ ہو کر پاکستان کے ہاتھوں شکست کھا گئی۔
گرین شرٹس کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
اس سے قبل پاکستان اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ پہلی اننگز میں شاندار 93 رنز بنانے والے امام الحق اس بار کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ بابر اعظم نے 42، عبداللہ شفیق نے 41 اور سعود شکیل نے 38 رنز کی اننگز کھیلیں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 269 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ اس طرح میزبان ٹیم کو 109 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔
پہلی اننگز میں ٹونی ڈی زورزی 104 اور رائن ریکلٹن 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چھ، ساجد خان نے تین اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔