اسلام آباد — چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے زبردستی کشمیر کی سرزمین پر قبضہ جمایا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی آزادی کی جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آج بھی بھارتی مظالم کے باوجود استقامت کی علامت بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، قتل و غارت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کریں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بھارتی افواج کے ظلم کا شکار کشمیری مسلمان گزشتہ 70 برس سے اپنے حقِ آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مودی سرکار کی پالیسیوں کو کشمیریوں کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے ہاتھ بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام جو ظلم و ستم کے باوجود آوازِ حق بلند کر رہے ہیں، وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیر کاز کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ہم کشمیری عوام کی ہمت، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔











