پاکستان اور افغان طالبان کا سیز فائر برقرار رکھنے پر اتفاق، مذاکرات کا نیا دور 6 نومبر کو استنبول میں ہوگا

اسلام آباد / استنبول : پاکستان اور افغان طالبان نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کرتے ہوئے سیز فائر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ 6 نومبر کو استنبول میں منعقد ہوگا، جس میں جنگ بندی کے عملی نفاذ کے طریقۂ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے مطابق 25 سے 30 اکتوبر تک استنبول میں ہونے والے مذاکرات کا مقصد دوحہ میں 18 اور 19 اکتوبر کو طے پانے والی جنگ بندی کے نفاذ کو یقینی بنانا تھا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے امن کے فروغ اور جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ آئندہ اعلیٰ سطح اجلاس میں جنگ بندی کے نفاذ کے تفصیلی اصولوں پر مشاورت کی جائے گی۔

دونوں فریقوں نے امن کے استحکام کے لیے نگرانی اور تصدیقی نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، جو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔

اعلامیے میں ثالث ممالک ترکیہ اور قطر کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ وہ خطے میں دیرپا امن اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں