اسلام آباد:اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا کے نگران ادارے فریڈم نیٹ ورک کے زیر اہتمام “جرنلسٹس سیفٹی میکنزمز اینڈ اینڈنگ امپیونٹی” کے عنوان سے گول میز اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس جرمنی، نیدرلینڈز اور فرانس کے سفارت خانوں کے اشتراک سے بین الاقوامی دن برائے انسدادِ استثنا برائے جرائمِ صحافیان کے موقع پر ترتیب دیا گیا۔
اجلاس میں سفارتی برادری، سول سوسائٹی اور میڈیا اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستانی صحافیوں کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک نے اس موقع پر کہا کہ صحافیوں پر حملوں کی شفاف تحقیقات اور مؤثر قانونی کارروائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں، خصوصاً خواتین کے تحفظ اور تربیت کے لیے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔
جرمنی، نیدرلینڈز اور فرانس کے سفارت کاروں نے آزادیٔ صحافت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران دو پینل مباحثے بھی ہوئے جن میں وفاقی اور صوبائی سطح پر صحافیوں کے تحفظ کے اقدامات اور پابندی آمیز قوانین میں اصلاحات پر گفتگو کی گئی۔
کمال الدین ٹیپو، مظہر عباس، حامد میر، ناصر زیدی اور دیگر مقررین نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔











