معروف قبائلی صحافی مرحوم سیلاب محسود کی یاد میں محسود پریس کلب اپر وزیرستان کے زیرِ اہتمام پشاور یونیورسٹی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے مرحوم سیلاب محسود کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی صحافت کے بابائے صحافت اور ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
شفیع جان نے اعلان کیا کہ گومل یونیورسٹی میں “سیلاب محسود چیئر” قائم کی جائے گی، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں محسود پریس کلب کے تحت سیلاب محسود کے نام سے ایک لائبریری بھی قائم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی خطے کے لیے سیلاب محسود کی صحافتی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایف سی آر کے خلاف آواز بلند کرنا اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد ان کی زندگی کا نمایاں پہلو رہا۔ انہوں نے ظلم و جبر کا مقابلہ بندوق نہیں بلکہ قلم کے ذریعے کیا، جو آنے والی نسلوں کے لیے مثال ہے۔
تقریب سے خطاب میں شفیع جان نے کوہاٹ میں منعقد ہونے والے تاریخی پاور شو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی سے تصادم نہیں چاہتے بلکہ آئین و قانون کی بالادستی اور گڈ گورننس پر یقین رکھتے ہیں اور اس میدان میں کسی بھی صوبے سے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پر مرحوم سیلاب محسود پر بنائی گئی ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں ان کی صحافتی جدوجہد اور خدمات کو سراہا گیا۔
تقریب کے دوران شمالی وزیرستان میران شاہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے بھی حلف لیا گیا، جس کی تقریبِ حلف برداری معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کرائی۔











