جنوبی وزیرستان اپر میں محسود پریس کلب کے سالانہ انتخابات مقررہ شیڈول کے تحت خوش اسلوبی اور پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔ انتخابی عمل میں کلب کے رجسٹرڈ 22 اراکین میں سے 19 نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔
پولنگ کے اختتام پر ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی گئی، جس کے بعد سامنے آنے والے غیر سرکاری اور حتمی نتائج کے مطابق شیریار محسود 10 ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہو گئے۔
انتخابی عمل کی نگرانی چیئرمین الیکشن کمیٹی حاجی خلیل نے کی، جبکہ شفافیت اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سرویکی حسنین اور خلیفہ پولیٹیکل کمپاؤنڈ کے انچارج رشید اللہ محسود نے بطور مبصر اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔
انتخابات کے دوران پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے، جس کی بدولت پورا عمل بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے مکمل ہوا۔ الیکشن کمشنر جنوبی وزیرستان اپر کی جانب سے انتخابی سامان کی بروقت فراہمی نے پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کے مراحل کو مزید آسان بنا دیا۔
انتخابات کے بعد صحافتی برادری نے شفاف، منظم اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے نومنتخب صدر شیریار محسود کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔











