ڈیرہ اسماعیل خان: شادی کی تقریب میں مبینہ خودکش دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی

خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب شادی کی ایک تقریب کے دوران پیش آنے والے مبینہ خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی ہے، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں معروف وکیل ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری محسود، وحید جگری، رحمان اللہ، شہزاد عبدلائی، عنایت اللہ اور کمسن وحید شامل ہیں۔ دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں وارث خان، نور عالم محسود، توحید اللہ، رحمان خان، سہیل خان برکی اور ندید اللہ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر دھماکے کے خودکش ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

دوسری جانب ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری محسود کی شہادت پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار میں مکمل سوگ کا اعلان کیا گیا، جبکہ عدالتی کارروائی بھی معطل رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں