چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد کی زیرِ صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ای۔کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام کے مسائل براہِ راست سننا اور ان کے فوری ازالے کو یقینی بنانا تھا۔
ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس آن لائن سیشن کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے 39 شہریوں نے چیئرپرسن سے رابطہ کر کے اپنے مسائل پیش کیے۔
ای۔کچہری میں بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر جنرلز اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے تاکہ شکایات کے حل میں عملی پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
شرکاء کی بیشتر شکایات ری سروے، بائیومیٹرک تصدیق، پروگرام میں اندراج اور وظائف کی وصولی سے متعلق تھیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے تمام شکایات بغور سنیں اور واضح ہدایت دی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی بھی جگہ بی آئی ایس پی عملے کی جانب سے بے ضابطگی یا ناانصافی کا سامنا ہو تو متاثرہ افراد بلا جھجک رپورٹ کریں، تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
چیئرپرسن نے کہا کہ بی آئی ایس پی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور ادارہ شفافیت، دیانتداری اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔











