پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں اچانک ہونے والے زوردار دھماکے سے ایک پولیس اہلکار زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا جس سے تھانے کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دھماکہ تھانے کے مال خانے میں پیش آیا جہاں مختلف مقدمات میں ضبط کیا گیا بارودی مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑکی جس نے بارودی مواد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تھانے میں موجود چار زیر حراست افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد تھانے میں شدید آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کے لیے طویل جدوجہد جاری رہی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔











