بنوں، پی ٹی آئی کے سابق ناظم کے دفتر کے باہر دھماکا، گاڑی تباہ، فدا محمد محفوظ

بنوں میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق ناظم فدا محمد کے دفتر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیے گئے بارودی مواد کے دھماکے کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے فدا محمد اس واقعے میں محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق دھماکا دفتر کے مرکزی گیٹ کے قریب کیا گیا، جس کے نتیجے میں فدا محمد کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی کو یقینی بنایا۔

پولیس نے واقعے کی ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے اور دھماکے میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے، جن میں دفتر کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی شامل ہے۔

مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

دوسری جانب فدا محمد نے واقعے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور ایسے بزدلانہ اقدامات ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں