نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ ان کے قائد عمران خان نے ہمیشہ عسکری کارروائیوں کی مخالفت کی اور وہ بھی اسی موقف پر قائم ہیں۔
اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے رہنما عمران خان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایک عام کارکن پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، ان کے خاندان کا کوئی فرد سیاست سے وابستہ نہیں اور وہ محنت کے بل پر اس مقام تک پہنچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے نام کے ساتھ کسی بڑے سیاسی خاندان کا نام نہیں، بلکہ وہ قبائلی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ حلقے آج بھی اس سوچ کے حامی ہیں کہ قبائلی لوگ آگے نہیں بڑھ سکتے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے لیڈر عمران خان سے سیاست نہیں بلکہ محبت کرتے ہیں۔ ان کے بقول گزشتہ 78 برسوں سے ایک خاص سوچ اس ملک پر حکمرانی کر رہی ہے، مگر عمران خان نے محنت کرنے والوں کو آگے آنے کا موقع دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے بقول ہمیشہ حق کے لیے آواز اٹھائی۔
اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ نے شہید صحافی ارشد شریف کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے سچ کے راستے میں اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے علی امین گنڈاپور کو بھی سراہا جنہوں نے اپنے لیڈر کے کہنے پر فوری طور پر استعفیٰ دیا۔
آخر میں سہیل آفریدی نے اپنے مخالفین کو تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں ان کا اپنا دامن بھی صاف نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے صرف سیاسی وابستگی نہیں بلکہ عشق کی حد تک محبت رکھتے ہیں۔