پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، جس کے بعد صوبے میں رواں سال کے دوران پولیو متاثرہ بچوں کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسدادِ پولیو نے تازہ کیس کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، تورغر کی یونین کونسل گھڑی سے تعلق رکھنے والی 12 ماہ کی ایک بچی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، اس سال خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں لکی مروت، ٹانک اور شمالی وزیرستان سے چار، بنوں سے تین، تورغر سے دو جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہستان لوئر سے ایک ایک کیس شامل ہے۔
ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 19 خیبرپختونخوا، 9 سندھ، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا کے مطابق ضلع تورغر سے رواں سال پولیو کا یہ پہلا کیس ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقے میں ہنگامی ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔