پشاورہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلی ٰسے حلف لینے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

پشاور :پشاور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اگر گورنر خیبرپختونخوا بدھ کی سہ پہر چار بجے تک حلف نہیں لیتے تو اسپیکر صوبائی اسمبلی یہ ذمہ داری ادا کریں گے۔ عدالت نے قرار دیا کہ وزیراعلیٰ کے حلف میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی۔

تحریری فیصلے کے مطابق، چیف جسٹس کو آئین یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ حلف برداری کے لیے کسی کو بھی نامزد کر سکتے ہیں۔ عدالت نے وضاحت کی کہ یہ اقدام صوبے میں پیدا ہونے والے آئینی خلا کو ختم کرنے اور آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

نو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں عدالت نے واضح کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا بدھ کو شام چار بجے تک نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں، بصورت دیگر اسپیکر اسمبلی یہ فریضہ انجام دیں گے۔

سماعت کے دوران گورنر کے وکیل نے بتایا کہ گورنر سفر پر ہیں اور کل دوپہر دو بجے تک واپس پہنچ جائیں گے۔ ان کے مطابق، علی امین گنڈاپور کو سہ پہر تین بجے استعفے کی تصدیق کے لیے بلایا گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے 13 اکتوبر کو اسمبلی کے فلور پر اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا، جس کی ٹرانسکرپٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ آئین کے مطابق وزیراعلیٰ کا عہدہ فی الحال خالی تصور ہوتا ہے اور نئے وزیراعلیٰ کے لیے حلف لینا لازمی ہے تاکہ وہ باقاعدہ طور پر اپنے منصب کا آغاز کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں