بارش نے پاکستان ویمنز ٹیم کی تاریخی جیت کا خواب چکناچور کردیا، انگلینڈ یقینی شکست سے بچ گیا

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں بارش نے پاکستان کی ممکنہ فتح کا راستہ روک دیا۔ انگلینڈ کے خلاف میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔

بدھ کو کولمبو میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 16ویں میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ ٹاس جیت کر کپتان فاطمہ ثنا نے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم مقررہ 31 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جب کہ ہیتھر نائٹ اور ایم آرلوٹ نے 18، 18 رنز بنائے۔ ایلس کیپسی نے 16 اور صوفیہ ڈنکلی نے 11 رنز کا اضافہ کیا، تاہم دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔

پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کی۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ سعدیہ اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بارش کے باعث میچ کو 31، 31 اوورز تک محدود کیا گیا اور پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 113 رنز کا ہدف دیا گیا۔

پاکستانی اوپنرز نے پراعتماد آغاز کیا اور 6.4 اوورز میں 34 رنز جوڑ لیے تھے کہ بارش ایک بار پھر شروع ہوگئی۔ بارش نہ رکنے کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کیا، یوں پاکستان ایک تاریخی جیت کے قریب پہنچ کر بھی فتح سے محروم رہ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں