قیوم اسپورٹس کمپلیکس کے ارینا ہال میں پرسنلائزڈ مارکس چوائس نمبر پلیٹس کی پُررونق نیلامی جاری ہے، جس میں عوام کی بڑی تعداد دلچسپی لے رہی ہے۔ منفرد اور خصوصی نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے خریداروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مہنگی بولیوں نے اس نیلامی کو یادگار ایونٹ بنا دیا ہے اور کئی نمبر پلیٹس کروڑوں روپے میں فروخت ہو رہی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق “وزیرستان 1” چوائس نمبر پلیٹ سب سے زیادہ قیمت حاصل کرنے والی پلیٹ بن گئی ہے۔
یہ نمبر پلیٹ 4 کروڑ 6 لاکھ روپے کی خطیر رقم میں فروخت ہوئی، جو اب تک کی نیلامی میں لگنے والی سب سے بڑی بولی قرار دی جا رہی ہے۔ یہ اعزاز فیض الرحمان کے نام رہا جنہوں نے ریکارڈ بولی دے کر پلیٹ اپنے نام کر لی۔
نیلامی کے دوران “مہمند 1” نمبر پلیٹ پر بھی زبردست مقابلہ ہوا اور یہ 3 کروڑ 21 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔ اسے حاجی ظاہر گل نے حاصل کیا، یوں یہ دوسری بلند ترین بولی ثابت ہوئی۔
اسی طرح “پشتون 1” نمبر پلیٹ بھی نمایاں رہی، جو ایک کروڑ 32 لاکھ روپے میں فروخت ہو کر تیسری بڑی بولی بن گئی۔
تقریب میں شریک افراد کے جوش و خروش سے اندازہ ہوتا ہے کہ شناختی اور منفرد نوعیت کی نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے خریدار بڑی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں۔
ارینا ہال میں جاری نیلامی میں دیگر چوائس نمبر پلیٹس پر بولی کا عمل بدستور جاری ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ مزید ریکارڈ ساز بولیاں سامنے آ سکتی ہیں۔











