ملاکنڈ: سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ٹرک الٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد جاں بحق جبکہ 8 شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ٹیمیں ایمبولینسز کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ موٹروے پولیس اور دیگر امدادی عملہ بھی فوری طور پر موقع پر پہنچا اور مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔
زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ابتدائی کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بٹخیلہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں سے چار کو حالت تشویشناک ہونے پر سوات ریفر کر دیا گیا۔