سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(احمد نواز خان)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت 4 گھنٹے طویل اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے جاری عوامی منصوبوں اور نئے ترقیاتی پلانز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ 120 دن میں ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد شہری اپنی درخواستوں کی اپ ڈیٹ صورتحال آن لائن دیکھ سکیں گے۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں نئے کنونشن سنٹر، ایکسپو سنٹر اور اسلام آباد ارینا کی تعمیر کے لیے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل ہونے پر منصوبے کو SCO Summit سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

مزید برآں ایف-6 میں خدمت مرکز کے قیام، ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک جیسے جدید تفریحی منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ جدید اسپورٹس کمپلیکس بنانے کی ہدایات بھی جاری ہوئیں۔

محسن نقوی نے ایف-9 پارک کو ہائیڈ پارک طرز پر ڈویلپ کرنے اور شاہدرہ ڈیم کے ساتھ تفریحی سہولیات کا جامع پلان طلب کیا۔

انہوں نے سی ڈی اے میں کرپشن اسکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سہیل اشرف اور ممبر اسٹیٹ زمان وٹو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں