پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات

پشاور۔۔پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کے ایک وفد نے بروز پیر 20جولائی کو پشاور میں وزیر اطلاعات حکومتِ خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت تنظیم کے صدر قمر یوسفزئی نے کی جبکہ وفد میں نائب صدور سردار یوسفزئی اور زاہد خان، سابق سیکرٹری رحمت محسود اور کوآرڈینیٹر ثاقب سعید شامل تھے۔ملاقات کے آغاز میں رحمت محسود نے وفد کا تعارف کرایا، جبکہ سردار یوسفزئی نے تنظیم کی جانب سے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو درپیش مسائل، ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور فلاحی سہولیات سے متعلق تفصیلی گزارشات پیش کیں۔ زاہد خان اور ثاقب سعید نے بھی مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا، جبکہ صدر قمر یوسفزئی نے صدارتی گفتگو میں تنظیم کے مو قف اور مطالبات کو جامع انداز میں پیش کیا۔وفد نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافی کئی دہائیوں سے قومی اور بین الاقوامی میڈیا میں صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں، سیاحت، ثقافت، سرمایہ کاری کے مواقع، امن و امان اور حکومتی اصلاحات کو مو¿ثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔ دہشت گردی، قدرتی آفات اور دیگر مشکل حالات میں بھی ان صحافیوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری اور جرات کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں خدمات انجام دینے والے خیبر پختونخوا کے صحافی نہ تو وفاقی حکومت اور نہ ہی پنجاب حکومت کی صحافی فلاحی اسکیموں سے استفادہ کر سکتے ہیں، اس لیے انہیں اپنی صوبائی حکومت کی فلاحی پالیسیوں میں بھی مساوی بنیادوں پر شامل کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر وفد نے وزیر اطلاعات کے سامنے درج ذیل اہم مطالبات پیش کیے۔پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کو محکمہ اطلاعات اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ مستقل رابطہ کاری کے لیے باضابطہ نمائندہ فورم کا درجہ دیا جائے۔پختونخوا ہاو س اسلام آباد میں تنظیم کے لیے ایک رابطہ دفتر فراہم کیا جائے۔پختونخوا ہاو¿س میں منعقد ہونے والی سرکاری، ادبی، ثقافتی اور صحافتی تقریبات میں تنظیم کے نمائندوں کو باقاعدگی سے مدعو کیا جائے۔رہائشی منصوبوں، ویلفیئر فنڈ، ہیلتھ انشورنس، مالی امداد، بلاسود قرضوں، تربیتی پروگراموں اور دیگر تمام فلاحی سہولیات میں اسلام آباد و راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے۔محکمہ اطلاعات کی میڈیا بریفنگز، مطالعاتی دوروں، ترقیاتی منصوبوں، سیاحتی مقامات اور دیگر سرکاری سرگرمیوں میں تنظیم کی باقاعدہ نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا باقاعدہ ڈیٹا مرتب کرکے انہیں محکمہ اطلاعات کی فلاحی اور پیشہ ورانہ پالیسیوں کا مستقل حصہ بنایا جائے۔وفد نے وزیر اطلاعات شفیع جان کی جانب سے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات، خصوصاً ویلفیئر فنڈ، ہیلتھ انشورنس، رہائشی منصوبوں، مالی معاونت اور تربیتی پروگراموں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کے ان جائز مطالبات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے عملی اقدامات کریں گے۔وزیر اطلاعات شفیع جان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ تنظیم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور مطالبات کا مثبت جائزہ لیا جائے گا تاکہ صحافی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جا سکے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں حکومتِ خیبر پختونخوا اور اسلام آباد و راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کے درمیان باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں