مولانا کی جان کو خطرہ،صوبائی حکومت کی سکیورٹی کی پیشکش

پشاور۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے فتنہ الخارج کیخلاف بیان دینے پر ان جان کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں ،صوبائی حکومت نے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کر کے انہیں سکیورٹی کی پیش کش کر دی اور ان پر حملوں کے خدشات سے بھی آگاہ کر دیا ہے ۔

معتبر ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور شیخ ادریس شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ سہیل آفریدی نے مولانا شیخ ادریس کی شہادت پر اظہار افسوس کیا شیخ ادریس کے قاتلوں کی جلد اور ہر ممکن گرفتاری اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان صوبائی امن وامان کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ وزیر اعلی نے ممکنہ حملوں کے پیش نظر مولانا فضل الرحمن کو تمام خدشات سے آگاہ کیا اور انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی پیش کش کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا ادریس کی شہادت پرمولانا فضل الرحمن نے سخت رد عمل دیتے ہوئے فتنہ الخارج کو بزدل اور بھگوڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔اس گروہ کا امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے جو مسلمانوں کو شہید کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں