جنوبی وزیرستان اپر میں تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے استاد ظہور الدین محسود کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک خان کی جانب سے تعریفی سند سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز انہیں ایک نان فنکشنل اسکول کو مختصر عرصے میں دوبارہ فعال بنانے اور تدریسی شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانے پر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے مطابق ظہور الدین محسود، جو گورنمنٹ پرائمری اسکول کڑمہ میں پی ایس ٹی کے طور پر تعینات ہیں، نے مشکل حالات کے باوجود اپنی تدریسی ذمہ داریوں کو نہایت لگن، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نبھایا۔ ان کا عزم اور فرض شناسی اس بات کا اظہار ہے کہ وہ اپنے پیشے کے ساتھ غیر معمولی وابستگی رکھتے ہیں۔
ان کے بارے میں یہ بھی بتایا گیا کہ انہوں نے نہ صرف طلباء کے لیے معیاری تعلیمی ماحول قائم کیا بلکہ ایک بند پڑے اسکول کو کم وقت میں دوبارہ فعال کر کے ایک روشن مثال قائم کی۔ اس سے قبل بھی وہ کانیگرم اسکول میں اپنی بہترین خدمات انجام دے چکے ہیں جہاں ان کی کارکردگی کو بھرپور سراہا گیا تھا۔
علاقہ مکینوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مخلص اور محنتی اساتذہ کسی بھی معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے محسود ویلفیئر ایسوسی ایشن سے مطالبہ کیا کہ ایسے قابل اور فرض شناس اساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھی جائے۔
تعلیم کے فروغ کے لیے اس طرح کی مثبت مثالیں نہ صرف امید کی کرن ہیں بلکہ معاشرے کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں۔











