بہاولپور میں بس سٹینڈ معاملہ، انتظامیہ نے عدالتی حکمنامہ کی دھجیاں اڑا دیں

بہاولپور: ایزی وے بس اسٹینڈ بہاولپور میں عدالتی احکامات کے باوجود گاڑی کی انٹری روکنے اور بس اسٹینڈ بند کرنے کے معاملے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔

ایزی وے بس اسٹینڈ انتظامیہ کے مطابق آر ٹی سیکرٹری بہاولپور نے مبینہ طور پر من مانی کرتے ہوئے عدالتی حکم کی موجودگی میں بس اسٹینڈ میں گاڑی کی انٹری روک دی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بس اسٹینڈ کو بند کیا گیا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

بس اسٹینڈ انتظامیہ نے الزام عائد کیا کہ سرکاری گاڑی بس اسٹینڈ میں کھڑی کرکے مبینہ طور پر خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جس سے ان کے کاروبار اور ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انتظامیہ نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے میں فریق کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر معاملہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو انصاف کے حصول کے لیے اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کے ساتھ لاہور اور اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔

ایزی وے بس اسٹینڈ انتظامیہ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے اور عدالتی حکم پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں